Posted by : Fahmina Arshad Tuesday, November 28, 2017



یہ تتلیوں جیسی لڑکیاں


یہ لڑکیاں جنہیں میں بچیّاں کہنا زیادہ پسند کرتی ہوں۔تتلیوں جیسی خوش رنگ  جہاں جائیں ماحول کو رنگوں سے بھر 
دیں۔ اور جُگنو جیسی  روشنی سے بھرپور، اندھیروں کو شکست دیتی ہوئی لڑکیاں۔ کہنے کو صنفِ نازک مگر آہنی ارادوں والی، شفاف خیالوں والی۔جن کی نگاہیں اپنی اپنی منتخب کردہ  منزلوں پر مرکوز ہیں۔ جہیں اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے میں کوئی شک نہیں ہے کوئی شُبہ نہیں وہ   کٹھن رستوں پر چلنے پر  تیار ہیں، نہ صرف تیار ہیں بلکہ ان کٹھنائیوں کو اپنے 
ارداوں کی مضبوطی  اور مسلسل عمل سے سہل  بنانا بھی بخوبی جانتی ہیں۔یہ ہیں لڑکیاں ، یہ تتلیوں جیسی لڑکیاں۔

میں بھی کبھی ایک لڑکی تھی، میں  نے جیسا بننا چاہا بالکل ویسا نہ بن سکی، جو کچھ بھی حاصل کرنا چاہا، وہ مکمل حاصل نہ 
کر سکی، لیکن آج اپنے آس پاس جب ان لڑکیوں کو دیکھتی ہوں تو بہت خوش ہوتی ہوں۔ ایسا لگتا ہے جو جو کمیاں مجھ 
میں رہیں وہ ان کو دیکھ کر مکمل ہو گئیں۔ یہ لڑکیاں میرے دل کو خوشی سے بھر دیتی ہیں۔ سکون کی لہریں میری 
روح میں اترنے لگتی ہیں۔ جب  یہ پیاری بچیاں کھلکھلا کر ہنس پڑتی ہیں۔

مجھے یہ کہنے میں ذرّہ برابر بھی جھجھک نہیں کہ اس عمر میں میں نے ان لڑکیوں سے بہت کچھ سیکھا، اور سیکھنے کا اور 
متاثر کرنے کا یہ عمل مسلسل جاری ہے ۔  میں بہت خوش ہوتی ہوں ان کی قابلیت دیکھ کر ، ان کے احساسات جان کر، ان کے خیالات سُن کر، زندگی    کی طرف ان کا رویہ  دیکھ کر۔ انسانوں کیلئے ان کے جذبات دیکھ کر۔ مجھے کوئی عار نہیں یہ کہنے میں انہوں نے مجھے زندگی گزارنے کے الگ طریقے سکھائے، زندہ رہنے کیلئے الگ سلیقے بتائے۔ اور یہ بھی بتایا کہ صرف سانس لینا ہی زندگی نہیں،  زندہ رہنے کے لئے بھی کوئی مقصد ہونا ضروری ہے۔


یہ لڑکیاں ، یہ تتلیوں جیسی لڑکیاں، دیکھنے میں نازک مگر کوئی ان کے خیالات سنے، ان کے احساسات  سمجھے ، ان کے ارادے جانے تو حیران رہ جائے۔  اخلاق،  احساس، انصاف ، مساوات اور پیار سے مالامال ان کی شخصیات  مجھے تو کیا کسی کو بھی متاثر کرنے کیلئے کافی ہیں۔بس ذرا دھیان دینے کی دیر ہے۔ مجھے یقین ہے کہ لڑکیاں ، یہ تتلیوں جیسی لڑکیاں 
اپنے نرم و نازک پروں کے ساتھ ایک لمبی اڑان بھریں گی اور کامیابی کی بلندیوں تک پہنچیں گی۔












   رباب، طوبیٰ ، مکھے تاج، کومل، ضوفشاں،  صدف ، صبو اور انعم ، یہ میری بلند نصیبی ہے کہ تم  سب میری زندگی میں شامل ہو اور مجھے یہ کہنے میں کوئی تامل نہیں کہ  تم لوگوں نے نئی نسل کی کیلئے میری سوچ کو تبدیل کیا۔ میں نے تم سب سے بہت کچھ سیکھا ہے,  جس کیلئے شکریہ،  میری زندگی میں شامل سب لڑکیوں کے نام 

About Author

Fahmina Arshad is Blogger, Social Media Activist, Women Rights activist, women rights defender, feminist, women issues advisor and ambitious to work for Women Growth in Pakistan.

Popular Post

Copyright © Enough !!! Powered by JazzMak - Template by EmBlogger.com | Jaiser.